اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی العہد نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ صوبہ حدیدہ کے جزیرہ عقبان پر سعودی جنگی طیاروں کی بمباری میں کم سے کم ڈیڑھ سو ماہیگیر شہید ہوگئے ۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ سعودی جنگی طیاروں نے اس حملے میں ممنوعہ بم گرائے ہیں۔
الحدیدہ کے ماہیگیروں کی یونین نے ایک بیان جاری کرکے سعودی حکومت کی اس وحشیانہ جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کے جنگی طیاروں نے پہلے ماہیگیروں پر بمباری کی اور جب امدادی کارکن انہیں بچانےکے لئے آئے تو ان پر بھی بمباری کردی گئی ۔ اس رپورٹ کے مطابق حدیدہ کے جزیرہ عقبان پر جمعرات کے وحشیانہ حملوں میں ماہیگیروں کے ساتھ ہی بڑی تعداد میں طبی امدادی دستے کے افراد بھی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ سعودی اتحاد کی اس بمباری میں پچاس سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے جن میں سے متعدد کی حالت نازک بتائی گئی ہے ۔
صوبہ الحدیدہ کے ماہیگیروں کی یونین نے سعودی اتحاد کے ان فضائی حملوں کو ماہیگیروں کے قتل عام سے تعبیر کیا ہے ۔ اس یونین نے اعلان کیا ہے کہ سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کے جنگی طیارے جس وحشیانہ انداز میں بے گناہ شہریوں، عورتوں اور بچوں کو نشانہ بنارہے ہیں اس سے پتہ چلتا ہے کہ ان کا مقصد یمنی قوم کے نسلی تصفیئے کے علاوہ اورکچھ نہیں ہے۔ حدیدہ کے ماہیگیروں کی یونین نے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ یمن پر سعودی حکومت اور اس کے وحشیانہ فضائی حملوں کو فوری طور پر رکوایا جائے۔
اس بیان میں یمن کے بے گناہ عوام کا ظالمانہ محاصرہ بھی ختم کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یمن کے سرکاری ٹیلیویژن المسیرہ کے مطابق سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کے جنگی طیاروں نے جمعرات کو یمن کے دوسرے شہروں پر بھی بمباری کی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق شہر الجوف کے رہائشی علاقوں پر بمباری میں متعدد عام شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں ۔ سعودی حکومت کے جنگی طیاروں نے اسی طرح ایک مسافر بس پر بھی حملہ کیا ہے ۔ اس بمباری میں کم سے کم سولہ افراد کے شہید اور چودہ کے زخمی ہونے کی رپورٹ ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ بس تعز سے مزدوروں کو لے کے صنعا جارہی تھی کہ راستے میں سعودی جنگی طیاروں کی بمباری کا نشانہ بنی ۔
.......
/169